لاہور (نامہ نگار) شہریوں نے بجٹ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ بجٹ شہریوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کے مترادف ہے جبکہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد کا یہ بھی کہنا تھا کہ بجٹ مناسب، موجودہ حالات میں اس سے معاشی استحکام آئے گا۔ ٹائون شپ کے رہائشی ڈاکٹر یعقوب نے کہا ہے کہ عوام اس ظالم بجٹ کو یکسر مسترد کر تے ہیں، عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور اب پھر ضروریات زندگی مزید مہنگی کرکے ان پر بجٹ بم کرا دیا ہے۔ ستوکتلہ کے رہائشی خرم نے کہا کہ پٹرول، بجلی اور گیس کی مہنگی قیمتوں کے بعد اب گھی اور چینی کی قیمتیں تک بڑھا دی گئی ہیں ہم جائیں تو کہاں جائیں، اب عوام خودکشیوں پر مجبور ہوں گے۔ آشیانہ سکیم کے رہائشی ناصر پروار نے کہا ہے کہ بجٹ میں غریب عوام کا خیال رکھنا چاہئے تھا عوام پہلے ہی غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں پریشان ہیں اب اس بجٹ کے آنے سے مہنگائی مزید بڑھے گی اور جینا دشوار ہو جائے گا۔ اندرون شہر کے رہائشی عمران نے کہا کہ غریب عوام جائیں تو کہاں جائیں، حکومت کو غریبوں کا بھی خیال رکھنا چاہئے نہ کہ ضروریات زندگی کی ہر شے مہنگی کرکے ان پر مزید زمین تنگ کی جائے۔ شاد باغ کے رہائشی عباس نے کہا کہ عوام کو اس حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ تھیں مگر افسوس ہے کہ حکومت نے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر مہنگائی کا بم گرایا ہے۔