سرکلر ریلوے منصوبہ بغیر کسی تاخیر کے مکمل کرنے کافیصلہ

کراچی(وقائع نگار) کمشنر کراچی افتخا رشالوانی کی زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی سر کلر ریلوے کی راہ میں حائل تمام تجاوزات کوہٹانے کاآپریشن جاری رکھا جائے گا اور ریلوے اپنی تمام تجارتی املاک کی لیز فوری طور پر ختم اور اسکوہٹادے۔تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میںآپریشن جاری رکھیں او رپٹرولنگ کریں۔ اجلاس میں پاکستان ریلو ے کے نمائندے ، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے افسران ،پی ڈ ی ایم اے کے ڈائریکٹرآپریشن شفیق شیخ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر افسران بھی مو جو د تھے۔ پاکستان ریلویز کے نمائندے نے سرکلر ریلوے اور دیگر مقامات پر ریلوے کی زمینوں پر تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دی، انھو ں نے بتایا کہ تجاوزات ہٹانے کا عمل جاری ہے ایکشن پلان کی تفصیلات بھی تیار کر لی گئی ہیں وزارت کی منظوری کے بعد سندھ حکومت کو بھیجا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں جاری آپریشن کے بارے میں بھی تفصیلات دیںضلع ساوتھ میں بھی پلان کے مطابق ا ٓپریشن کیا جائے گا نیز عوا م کو اپنی ناجائز تجاوزات ہٹانے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلیے بات چیت کی جائییگی۔کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقہ میں سرکلر ریلوے ٹریک پر تجاوزات اور رائٹ وے آف کی صورتحال کا جائزہ لیں اور کسی رعایت کے بغیر تجاوزات ہٹانے کیخلاف آپریشن جاری رکھتے ہوئے پٹرولنگ کریں اورتجارتی املاک کو فوری طور پر ہٹانے کے ٹھوس اقدامات کریں۔ کمشنر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کریں اور کسی کے ساتھ رعایت نہ کریں سرکلر ریلوے شہر کا ایک اہم ترین ٹرانسپورٹ کے سلسلہ میں اہم منصوبہ ہے ۔ اسے اب مزید کسی تاخیر کے بغیر مکمل کر نا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جن لوگوں کا متبادل کا حق ہو گا انھیں متبادل دینے پر غور کیا جائے گا اور ریلوے اس سلسلے میں وزارت کی منظوری کے بعد سندھ حکومت کو ایک مربوط پلان دے تاکہ متاثرین کو ہمدردانہ طور پرمتبادل فراہم کیا جاسکے اور دوبارہ ایسی کوئی ناجائز آبادی نہ بن سکے ۔

ای پیپر دی نیشن