اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی +نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ)وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے اپنی بجٹ تقریر میں بتایا کہ گریڈ ایک سے 16 تک کے سرکاری اور افواج کے ملازمین کو بنیادی تنخواہ پر 10 فیصد جبکہ گریڈ 17 سے 20 تک کے ملازمین کو 5 فیصد ایڈہاک ریلیف دیا جائے گا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ گریڈ 21 اور 22 کے سول ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں ہو گا۔جب کہ پنشن 10فیصد بڑھا دی گئی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں انکم ٹیکس کی شرح میں اضافے اور نئی سلیبز متعارف کروانے کی تجویز دی ہے۔ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے اپنی بجٹ تقریر میں بتایا کہ فنانس ایکٹ 2018 ء میں کم سے کم قابل ٹیکس آمدن کی حد 12 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی جس سے محصولات کی مد میں 80 ارب کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار افراد کے لئے قابل ٹیکس آمدن کی کم سے کم حد 6 لاکھ روپے کرنے اور غیر تنخواہ دار طبقے کے لئے قابل ٹیکس آمدن کی کم سے کم حد 4 لاکھ روپے کرنے کی تجویز پیش کی۔اس طرح 50ہزار سے زائد تنخواہ والے پر بھی ٹیکس عائد کردیا گیا انہوں نے بتایا کہ 6 لاکھ روپے سے زائد آمدن والے تنخواہ دار کے لئے 5 سے 35 فیصد کے 11 سلیبز متعارف کرانے اور غیر تنخواہ دار 4 لاکھ روپے سے زائد آمدن کے لئے 5 سے 35 فیصد ٹیکس کے 8 سلیبز متعارف کرانے کی تجویز ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ نے اپنی تنخواہوں میں رضاکارانہ طور پر 10 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ روایت رہی کہ کابینہ اپنی تنخواہیں بڑھاتی تھی لیکن عمران خان کی قیادت میں کابینہ نے رضاکارانہ طور پر تنخواہوں میں کمی کا فیصلہ کیا۔ حماد اظہر نے کہا کہ دفاعی بجٹ برقرار رہے گا۔ آرمی چیف اور عسکری قیادت کے مشکور ہیں۔حماد اظہر نے بتایا کہ مالی سال 2019-20 کے دوران پاکستان کے فوجی بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہا اور یہ گزشتہ سال کے 1150 ارب روپے پر مستحکم رہے گا۔انہوں نے کہا کہ فوجی بجٹ کے حوالے سے وہ عمران خان اور عسکری قیادت بالخصوص آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔قومی خود مختاری ہر شے پر مقدم ہے، حکومت یقینی بنائے گی کہ پاک فوج کی صلاحیت میں کمی نہ آئے۔خیال رہے کہ کچھ روز پہلے پاک فوج نے ملک کی معاشی صورتحال کے پیش نظر اپنے اخراجات میں کمی لانے کا اعلان کیا تھا۔ بجٹ میں وزرائ، وزراء مملکت پارلیمانی سیکرٹری ایڈیشنل سیکرٹری اور جوائنٹ سیکرٹری کے ساتھ کام کرنے والے سپیشل پرائیویٹ سیکرٹری، پرائیویٹ سیکرٹری اور اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری کی سپیشل تنخواہ میں 25 فیصد اضافہ کر دیا گیا ۔