لاہور ( سپیشل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے تحت تمام نئے ترقیاتی منصوبے شہریوں کی ضروریات‘ زمینی حقائق اور مقامی حالات کو پیش نظر رکھ کر وضع کئے جائیں گے ۔شہر میں ایل ڈی اے کی طرف سے نئے تجویز کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی افادیت کا تعین کر نے کے بعد ہی ان پر کام شروع کیاجائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو سہولت دی جا سکے۔ ترقیاتی منصوبوں پر عمل در آمد کے دوران درختوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں اور ان مقامات پر لگائے جانے والے نئے درختوں کی شجر کاری کا پلان بھی تیار کیاجائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہر میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے لئے مختلف تجاویز کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم ‘چیف انجینئر مظہر حسین خان ‘ نیسپاک کے نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ایس ایم عمران نے کہا کہ موجودہ حکومت لاہور کی ترقی پر پوری توجہ دے رہی ہے تاہم مفاد ِ عامہ کے منصوبے مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ ان سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کی بنیادی ضروریات پوری کر کے ان کے معیار زندگی میں حقیقی بہتری لائی جا سکے اور ہیومن ڈویلپمنٹ کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔