آئی سی سی نے ہیوی ویٹ بیلز کو تبدیل کرنے سے صاف انکار کردیا۔ورلڈ کپ میں بھاری بھرکم بیلز کی وجہ سے تنازع جنم لینے لگا ہے، اب تک 5سے زائد مرتبہ گیند اسٹمپس پر لگنے کے باوجود بیلز نہ گرنے کے واقعات رونما ہوچکے جس کی وجہ سے بولنگ ٹیم کو اہم مواقع پر شدید مایوسی کا بھی سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے میگا ایونٹ میں شریک اسٹار پلیئرز نے بھی آئی سی سی سے اس مسئلے کا حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اسے نظر انداز کرتے ہوئے بیلز میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کا امکان رد کردیا ہے۔اتوار کو کھیلے گئے میچ میں ڈیوڈ وارنر ان سائیڈ ایج کے باوجود بیلز نہ گرنے کی وجہ سے میدان بدر ہونے سے محفوظ رہے تھے۔ جس پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بھی اس کو غیرمنصفانہ قرار دیا تھا۔میگا ایونٹ میں زنگ بیلز استعمال ہورہی ہیں جن میں ایل ای ڈی لائٹس فکس ہیں جوکہ گیند وکٹ پر ہٹ کرنے کی صورت میں جگمگانے لگتی ہیں، کوہلی کے علاوہ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ بھی ان بیلز پر سوال اٹھاچکے جبکہ سابق انگلش کپتان مائیکل وان اور ناصر حسین نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اس تنازع سے ٹورنامنٹ کی خوبصورتی بھی ماند پڑسکتی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اس بارے میں کہنا ہے کہ گذشتہ 4 برس سے اسٹمپس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے، یہی اسٹمپس 2015 کے ورلڈ کپ سے نہ صرف تمام آئی سی سی ایونٹس بلکہ کئی ڈومیسٹک ایونٹس میں بھی استعمال ہورہی ہیں، اب تک یہ ایک ہزار سے زائد میچز میں استعمال ہوچکی ہیں، یہ معاملہ ہمیشہ ہی گیم کا حصہ رہا ہے اور اسے قبول کرنا چاہیے، آپ کو بیٹسمین کا قلعہ ڈھانے کیلیے کچھ قوت صرف کرنے کی ضرورت ہے۔