یونس خان قومی ہیرو، انگلینڈ میں تجربات سے استفادہ کرینگے: اظہر علی، بابر اعظم

لاہور( سپورٹس رپورٹر ) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے ستاروں نے دورہ انگلینڈ کے لیے یونس خان اور مشتاق احمد کی تقرریوں پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اگست ‘ستمبر میں پاکستان کو میزبان انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔کپتان اظہر علی نے یونس خان کے ہمراہ 48 اننگز میں 2628 رنز بنائے۔ اس موقع پر اظہر علی نے کہا کہ وہ یونس خان کے ہمراہ متعدد ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اپنی خوش قسمتی سمجھتے ہیں۔ کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں یونس خان وہ نان انگلش بیٹسمین ہیں جنہوں نے گذشتہ 2 دہائیوں میں انگلینڈ کی کنڈیشنز میں مسلسل رنز بنائے۔یونس خان کی تقرری درحقیقت نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کا بہترین موقع ہے۔ بابراعظم کا کہنا ہے کہ یونس خان ایک لیجنڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یونس خان کی صلاحیتوں کے معترف ہیں خصوصاً جس طرح وہ اپنی اننگز کو طوالت دینے کے لیے منصوبہ بندی کیا کرتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان کے عزم، مزاحمت اور تحمل مزاجی سے بہت کچھ سیکھیں گے۔بابر اعظم نے کہا کہ یونس خان نے پاکستان کے لیے بہت سے کارنامے سرانجام دئیے ہیں اور وہ یونس خان کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کو اعزاز سمجھتے ہیں۔ اوپنر شان مسعود نے کہا کہ وہ یونس خان کی بطور بیٹنگ کوچ تعیناتی پر بہت پرجوش ہیں اور وہ اسے ایک نامور کھلاڑی کی خدمات کے حصول کا ایک بہترین انداز قرار دیتے ہیں۔ یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ مشتاق احمد ان کے لیے ایک مینٹور کی حیثیت رکھتے ہیں، انہوں نے اسپن باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے بہت سے اسپنرز کی مدد کی ہے۔یاسر شاہ نے کہا کہ انہیں ادراک ہے کہ حالیہ ٹیسٹ میچوں میں ان کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی تاہم انہیں موقع ملتا ہے تو وہ مشتاق احمد کی موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن