انسانی زندگی معیشت سے اہم، کٹھ پتلی حکومت کی غلط پالیسیوں سے کرونا پھیلا: بلاول

Jun 12, 2020

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ایندرولا کامینارا نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں جمعرات کے روز ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کرونا کی وباء کے دوران عالمی معیشت پر اثرات، کرونا سے نمٹنے کے لئے سندھ حکومت کے اقدامات، پاکستان میں ٹڈی دَل کے حملے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی افادیت اور یورپی یونین کی جانب سے سندھ رورل سپورٹ پروگرام کے متعلق تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انہیں سندھ حکومت کے اس فلسفے سے آگاہ کیا کہ معیشت سے زیادہ اہم انسانی زندگی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ رورل سپورٹ پروگرام کے لئے یوروپین یونین کی جانب سے فنڈز مہیا کرنے کو سراہا جو کہ اس پروگرام کی وجہ سے سندھ کے دیہی علاقوں میں غربت کو کم کرنے میں بہت مدد ملی ہے۔ یورپی سفیر نے کرونا سے نمٹنے کے لئے سندھ حکومت کی کوششوں کی تعریف کی اور اس کے ساتھ ساتھ بی آئی ایس پی اور سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن کے کامو ں کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ سندھ حکومت اپنے بروقت اور مناسب فیصلوں کی وجہ سے کرونا کے چیلنج سے نمٹنے میں کامیاب ہوگی۔  بلاول بھٹو زرداری نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام محمد بلور کو ٹیلی فون کرکے ان سے خیریت دریافت کی۔ حاجی غلام محمد بلور کو کرونا وائرس کو شکت دینے پر مبارکباد دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کرونا وبا پھیلا جس کی وجہ سے عوام کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی متاثر ہوا۔ ہر انسان کی جان قیمتی ہوتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میری دعا ہے کہ کرونا وائررس کا شکار ہر شہری آپ کی طرح کرونا کو شکست دیکر اپنے خاندان میں دوبارہ خوشیوں سے بھرپور زندگی گذارے۔ دریں اثناء بلاول نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرکے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی بھی دعا کی۔

مزیدخبریں