سکھر (بیورورپورٹ ) تنظیم پاکستانی کے سربراہ ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا ہے کہ ملک کے تمام صوبوں میں کہیں پیٹرول کا بحران ہے، کہیں آٹا اور کہیں چینی کا۔ یہ تمام بحران حکومت کے خودساختہ پیدا کئے گئے ہیں تا کہ مافیاؤں کی کرپشن،آنے والے بجٹ اور نت نئے ٹیکسز عائد کرنے سے عوام کی توجہ ہٹائی جا سکے۔حکومتی پالیسی میکرز نے شدید گرمی میں نوجوانوں کو پیٹرول،بوڑھوں کو آٹے،عورتوں کو چینی اور یتیموں اور بیواوں کو احساس پروگرام کی لمبی لمبی قطاروں میں گھنٹوں کھڑا کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا کوئی فائدہ بھی اب تک عوام کو نہیں ملا ہے۔پاکستان میں عوام کو حکومت اور حکومت کی حاشیہ بردار مافیاؤں نے یر غمال بنا رکھا ہے۔ عوام کے لئے ہر طرف اندھیر نگری اور چوپٹ راج ہے۔ عوام کی قوت خرید کم ہو گئی ہے جبکہ اشیاء کے دام کئی سو گنا بڑھ گئے ہیں۔ غربت کی لکیر سے بھی نیچے قبر کی لکیر تک پہنچ جانے والے لوگ پیٹ کا دوزخ بھرنے کے لئے کچرا کنڈیوں سے گلی سڑی چیزیں اٹھا کرکھانے پینے پر مجبور ہیں۔