ڈیرن سیمی کا نسل پرستانہ جملے کسنے والوں سے معافی کا مطالبہ

Jun 12, 2020

کراچی (اسپورٹس ڈیسک )ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے نسل پرستانہ جملے کسنے والے بھارتی کھلاڑیوں اور عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ فرنچائز پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرین سیمی نے چند روز قبل انکشاف کیا تھا کہ انڈین پریمیر لیگ میں سن رائزرز حیدر آباد کے لیے کھیلنے کے دوران انہیں کالوکہہ کر پکارا جاتا تھا ۔ڈیرین سیمی کا کہنا تھا کہ ابتدا میں میں یہی سمجھتا تھا کہ کالو کا مطلب طاقتور گھوڑا ہوتا ہے لیکن اب مجھے معلوم ہوا کہ اس کا مطلب کیا ہے تو یہ جان کر میں بہت غصے میں ہوں اور مجھے اس نام سے پکارنے والے کھلاڑیوں کو معافی مانگنی چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ میں حسن منہاج کو سن رہا تھا جو یہ بتا رہے تھے کہ ان کی ثقافت میں کچھ لوگ کالی رنگت والے لوگوں کے ساتھ کیا سلوک کرتے ہیں، میں یہ قبول کرتا ہوں کہ مجھے جب اس نسل پرستانہ نام سے پکارا جاتا تھا تو مجھے اس کا مطلب معلوم نہیں تھا۔دوسری جانب اب ایسا کرنے والے ایک بھارتی کھلاڑی کا نام بھی سامنے آ گیا ہے۔

مزیدخبریں