لاہور(اسپورٹس رپورٹر )قومی کرکٹ ٹیم کے اسپن بالنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ 4تجربہ کار کوچز کے ایک ساتھ ہونے سے بہت فائدہ ہوگا۔اپنے ایک انٹرویو میںقومی ٹیم کے اسپن باولنگ کوچ نے کہا کہ یونس خان، میرے، مصباح اور وقار یونس کے لیے ہیلپنگ ہینڈ ہوں گے، یونس خان زبردست انسان ہیں، ان سے ہمیشہ بہترین تعلق رہا ہے۔مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں انھوں نے 11سال کانٹی کرکٹ کھیلی، 6سال ٹیم کی کوچنگ کی، وہ پی سی بی کے ساتھ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کر رہے تھے، اب کوشش ہوگی کہ اپنا کردار بہترین طریقے سے نبھائیں۔بالنگ کوچ نے کہا اپنے تجربے کی روشنی میں کھلاڑیوں کی بہترین تربیت کی کوشش کروں گا، کرونا صورت حال میں اب ذہنی دبا کو برداشت کرنے کا کھیل آ گیا ہے، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز سے کافی فائدہ ہوگا۔لیگ بریک گگلی بالر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ گیند چمکانے کے نئے قانون سے شناسائی کے لیے ابھی کافی وقت ہے، ہم پہلے ہی کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر تیار کر رہے ہیں، انگلینڈ کے خلاف سیریز کوچز کے لیے بھی سخت ہوگی۔انھوں نے کہا ٹیم میں فاسٹ بالر ہیں لیکن اسپنر ہمیشہ اہمیت کے حامل رہے ہیں، یاسر شاہ تجربہ کار ہیں ان کے ساتھ کام بھی کر رہا ہوں۔