افغانستان کوبرآمدی پھل سبزیوں کے کنسائنمنٹ کلیئر کرنے کے احکامات جاری 

کراچی(کامرس رپورٹر)وفاقی وزارت تجارت نے افغانستان کو ایکسپورٹ ہونے والی پھل سبزیوں کے کنسائنمنٹ کلیئر کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔اس ضمن میں آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن ( پی ایف وی اے)کے سرپرست اعلیٰ اور ایس پی سی سی آئی کے سابق نائب صدروحیداحمدنے بتایا کہ پی ایف وی اے نے افغانستان کو پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ میں حائل مشکلات دور کرنے کی اپیل کی تھی اور وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت عبدالرزاق دائود نے پی ایف وی اے کی درخواست پر ایف بی آر اور این ایل سی کو احکامات جاری کردئیے جس کے بعدافغانستان کو ایکسپورٹ ہونے والے پھل اور سبزیوں کے کنسائنمنٹ ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ وحید احمد نے بتایا وزارت تجارت نے ہدایات جاری کردی ہیں کہ طورخم اور چمن بارڈر پر پھل سبزیوں کے افغانستان جانے والے ٹرکوں کو ترجیح دی جائے، بارڈر پوائنٹس پر پھل سبزیوں کی کنسائنمنٹس پر کیڑے مار ادویات کے اسپرے کے چارجز میں بھی کمی لائی جائے۔ وحیداحمدکا کہنا تھا کہ مشیر تجارت کے بروقت احکامات سے ایکسپورٹ کو درپیش خدشات میں نمایاں کمی ہوگی ۔

ای پیپر دی نیشن