لاہور(کامرس رپورٹر)چھوٹے کاروباروں کے تحفظ اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ٹیکسز میں دی گئی رعایت برقرار رکھی جائے گی،ٹیکسز میں ریلیف کے باوجود پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اپنا ہدف پورا کیا جس میں ادارے کی کارکردگی کے ساتھ کاروباری برادری کا تعاون بھی شامل ہے،اوپن ڈور پالیسی بھی ہدف پورا کرنے میں معاون ثابت ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممبر پالیسی پنجاب ریو نیو اتھارٹی ڈاکٹر جاوید اقبال شیخ نے '' ٹیکس مذاکرے'' میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پروفیشنل ریسرچ فورم حسن علی قادری، سابق صدر لاہور ٹیکس بارمامون نثار،طار ق محمودمیو ،عمراقبال خواجہ اوردیگر بھی موجودتھے۔ ڈاکٹر جاوید اقبال شیخ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے لئے 156ارب روپے ٹیکس ہدف دئیے جانے کا امکان ہے ، ٹیکس ریٹس کم کر کے سو فیصد ٹیکس گروتھ ممکن ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ 89ہزارٹیکس دہندگان پنجاب ریو نیو اتھارٹی میں ٹیکس ادا کر رہے ہیں ،لاک ڈائون ختم ہونے اورکاروباری سرگرمیاں مکمل بحال ہونے سے2021ء میں ٹیکس دہندگان کی تعداد مزید بڑھے گی۔ حسن علی قادری اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ریو نیو اتھارٹی تمام سروسز پر ٹیکس ریٹس سنگل ڈیجٹ کر کے تمام اتھارٹیزکو پیچھے چھوڑ سکتی ہے۔
چھوٹے کاروبارکیلئے ٹیکسز میں رعایت برقرار رہے گی:جاوید اقبال شیخ
Jun 12, 2021