کراچی (اسپورٹس ڈیسک) بنگلادیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن ڈھاکا لیگ کے دوران کھیلے گئے میچ میں آپے سے باہر ہوگئے ، شکیب الحسن دوران میچ 2 مرتبہ امپائرز سے لڑ پڑے اور اسٹمپس اکھاڑ پھینکیں۔ویڈیو وائرل ہونے پر شائقین سے معافی بھی مانگ لی۔ شکیب کو پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے بقیہ میچز میں حصہ لینا تھا لیکن انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینا کا فیصلہ کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ واقعہ ڈھاکا لیگ کے محمڈن اسپورٹنگ کلب اور اباہانی لمیٹڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران پیش آیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شکیب الحسن نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی امپائر کی جانب سے ناٹ آؤٹ قرار دیے جانے پر انہوں نے اسٹمپس پر کک ماری۔ ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شکیب الحسن فیلڈنگ کررہے ہیں لیکن اچانک ہی وہ امپائر کے قریب آتے ہیں اور وکٹیں اٹھا کر پھینک دیتے ہیں۔شکیب الحسن کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شائقین کرکٹ نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد انہوں نے اپنی حرکت پر معافی مانگ لی۔بنگلہ دیشی آل رانڈر کا کہنا تھا کہ میرے رویے کی وجہ سے میچ خراب ہوا جس پر معذرت خواہ ہوں تاہم شکیب کو اس رویے کی وجہ سے معطلی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
بنگلا دیشی آل راؤنڈر شکیب ڈھاکا لیگ میچ میں آپے سے باہر
Jun 12, 2021