پونچھ: 2  گاڑیاں دریائے جہلم میں جاگریں، پی ٹی آئی رکن اسمبلی صغیر چغتائی سمیت 4 جاں بحق

Jun 12, 2021

 پونچھ  (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی کے رکن آزادکشمیر اسمبلی صغیر چغتائی حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔  آزاد پتن  پل کے قریب 2  گاڑیاں ٹکرا کر دریائے جہلم میں گر گئیں۔ حادثے میں 3  دوسرے افراد بھی چل بسے۔ تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر اور پاکستان کے سنگم پر واقع آزاد پتن پل کے قریب دو گاڑیاں ٹکرا کر دریائے جہلم میں جا گریں۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور آئندہ انتخابات کے لئے تحریک انصاف کے امیدوار صغیر چغتائی سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر سدھنوتی طاہر ممتاز کے مطابق رکن اسمبلی سردار صغیر چغتائی آج صبح اپنی گاڑی میں ڈرائیور کے ہمراہ انتخابی مہم کے لئے جا رہے تھے کہ آزاد پتن پل کے قریب ان کی گاڑی ایک مہران کار سے ٹکرا کر دریائے جہلم میں جا گری۔ گاڑی میں صغیر چغتائی کے علاوہ ان کے دو ساتھی بھی سوار تھے جو دریا میں بہہ گئے اور تاحال کسی کی لاش نہیں مل سکی نہ ہی گاڑی کا سراغ مل سکا ہے۔ صغیر چغتائی کی گاڑی سے ٹکرانے والی کار سے تین افراد نے چھلانگیں لگا کر جانیں بچا لیں جبکہ ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی لاش مل گئی ہے۔ مذکورہ شخص کا تعلق اڈیالہ راولپنڈی سے ہے۔ ڈی آئی جی پونچھ راشد نعیم کے مطابق مذکورہ مقام پر دریا کا بہاؤ بہت تیز اور گہرائی بھی زیادہ ہے۔ دریا میں گاڑی اور لاشوں کی تلاش جاری ہے۔

مزیدخبریں