لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ حکومت نے محکمہ تعلیم میں انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ محکمہ تعلیم میں اساتذہ کے تبادلے، آن لائن ریٹائرمنٹ ،دستاویزات کے ریکارڈ اور تصدیق کے ساتھ سالانہ کارکردگی رپورٹ کے سسٹم کو مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے۔ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس نے بتایا کہ ای ٹرانسفر کے تحت 70 ہزار سے زائد اساتذہ کے تبادلے ان کی مرضی کے مطابق کیے گئے ہیں۔اسی طرح اساتذہ کی چھٹیوں کے آن لائن پورٹل پر21لاکھ17ہزار587 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ آن لائن ریٹائرمنٹ پورٹل پر 3ہزار509 اساتذہ سپر اینویٹ جبکہ 2ہزار309 اساتذہ وقت سے پہلے ریٹائرمنٹ حاصل کر چکے ہیں۔ آن لائن ریٹائرمنٹ پورٹل پر درخواست دینے کے بعد 7 روز کے اندر اساتذہ کو ان کا ریٹائرمنٹ نوٹیفکیشن، جی پی فنڈ سینکشن، ارنڈ لییو سنیکشن اور پینشن پے آرڈر سینکشن موصول ہو جائیں گے ۔ صوبائی وزیرڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں 2023ء تک محکمہ تعلیم کو مکمل طور پر ڈیجٹلائیز کر دیا جائے گا۔