راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے مالی بجٹ 2021-22کومتوازن اور تاجر دوست قرار دیا ہے۔ چیمبر کے صدر محمد ناصر مرزا نے وزیر خزانہ شوکت ترین کی بجٹ تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تفصیلی موقف بجٹ دستاویز پڑھنے کے بعد دیا جائے گا۔ تاہم بادی النظر میں بجٹ متوازن ہے۔ودھ ہولڈنگ ٹیکس کی شرح سترہ سے بارہ فیصد کرنا خوش آئند ہے ۔ٹیکس محصولات کا ہدف جو 5800ارب ہے تب ہی حاصل ہو سکتا ہے جب نئے ٹیکس گزار بنیں گے۔ ایف بی آر کی جانب سے ہراسیت کے خاتمے اور آڈٹ کے خاتمے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی تجویزپر تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم ڈیوٹی کی مد میں بیالیس ارب روپے کا ریلیف خوش آئند ہے۔ گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام PSDPکے لیے 900ارب رکھے گئے ہیں اس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔