بھٹہ مالک کا حجام کے گھر دھاوا، بھائیوں کو گلیوں میں گھسیٹتے رہے ، خواتین پر تشدد 

ملتان (سپیشل رپورٹر)بھٹہ مالک نے شراب پینے اور گالیاں دینے سے روکنے پرساتھیوں کے ہمراہ غریب حجام کے گھر پر دھاوا بول دیا، خواتین پر تشدد ،بھائیوں کو بھی گلیوں میں سرعام مارتے اور گھسیٹتے رہے، پولیس تھانہ صدر کارروائی سے گریزاں تفصیل کے مطابق تھا نہ صدر کے علاقہ کرم ٹاون سورج میانی کے رہائشی رمضان ان کی اہلیہ عزیز مائی دو بیٹوں اسد اور شان سمیت دیگر اہل علاقہ نے کچہری میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ علاقہ کا بااثر بھٹہ مالک ملک عقیل نے علاقہ میں بھٹے کے نام پر کئی اوباش افراد کے بیٹھنے کی جگہ بنائی  ہوئی  ہے۔اور آنے جانے والی مقامی خواتین کو بھی تنگ کرتے ہیں۔ اس موقع پر اسد اور شان نے بتایا کہ انہوں نے بھٹہ مالک ملک عقیل کو روکا کہ وہ ان کے گھر کی خواتین کو نہ چھیڑا کریں۔ اس پر مشتعل ہوکر ساتھیوں  کے ہمراہ ہمارے  گھر پر دھاوا بول دیا۔ ملزم اظہر اور دیگر پانچ نامعلوم افراد نے والدہ اور دیگر خواتین کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس اقدام کے خلاف پولیس تھانہ صدر کو درخواست بھی دی مگر کوئی کاروائی نہ ہوئی۔ جس پر مجبور ہو کر ہم احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔اس موقع پر علاقہ کے مکینوں محمد زاہد اور اللہ دتہ نے کہا کہ ملک عقیل انتہائی بااثر آدمی ہے۔ پولیس میں اسکے روابط ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پولیس ملزموں کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی رہی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزموں کو گرفتار کرکے کاروائی عمل میں لائی جائے۔

ای پیپر دی نیشن