کورونا سے بچاؤ کے لیے سینیٹائزر کا استعمال کیا جارہا ہے، شاپنگ مال، دکان، اسپتال، اے ٹی ایم سمیت متعدد جگہوں پر ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال کیا جاتا ہے۔
بھارت میں معمر شخص کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب انہیں ہاتھ صاف کرنے کے لیے سینیٹائزر دیا گیا تو انہوں نے پورے جسم پر سینیٹائزر ملنا شروع کردیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معمر شخص کرسی پر براجمان ہیں انہیں ایک شخص نے سینیٹائزر لاکر دیا تو وہ اسے پہلے پورے ہاتھ پر ملنے لگتے ہیں اس کے بعد ماسک نیچے کرکے اسے منہ پر ملنا شروع کردیتے ہیں انہوں نے یہی بر بس نہیں کیا بلکہ سینیٹائزر پیروں پر بھی ملنا شروع کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی پولیس افسر روپن شرما نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ کیپشن لکھا کہ ’ان کا کورونا بال بھی بیکا نہیں کرسکتا، پر ماسک نیچے نہیں کرنا تھا چاچا۔‘
ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے ویڈیو اب تک ہزاروں صارفین دیکھ چکے ہیں اور اس پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ایک صارف نے لکھا کہ ’اس سے بہتر تھا کہ یہ سینیٹائزر سے نہا لیتے۔‘ایک اور صارف نے لکھا کہ ’کورونا ان کے پاس جانے کی ہمت بھی نہیں کرے گا۔