لاہور(سپورٹس رپورٹر) سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام اورپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون سے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنیوالے دستہ کے ڈوپنگ آگاہی کیلئے دوہ روزہ سیمینار نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کی ای لائبریری میں منعقد کیا گیا، سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض نے کہا ہے کہ سیمینار کا مقصد کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کے قوانین سے آگاہی ہے کھلاڑیوں کو چاہئے کہ وہ انٹرنیشنل ایونٹس کیلئے بھرپور تیاری کریں، میڈل جیتیں اور پھر معاشرے کیلئے رول ماڈل بنیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی کے صدرلیفٹیننٹ جنرل(ر) عارف حسن نے کہا ہے کہ ڈوپنگ پرزیروٹالرنس پالیسی ہے ‘ کھلاڑی کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کریں گے اور ڈوپنگ سے پاک واپس آئیں گے کھلاڑیوں کو چاہیے کہ میڈلز جیتنے کے ساتھ رول ماڈل بھی بنیں تاکہ کل آنے والے کھلاڑی آپ کی تقلید کریں۔ اس موقع پر صدر کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن ڈیم لوئس مارٹن کا سیمینار کیلئے ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا ۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں 72ممالک اور پاکستان پہلا ملک ہے جو سب سے پہلے ڈوپنگ پر سیمینار کررہا ہے۔میجر(ر) ڈاکٹر لبنی سبطین نے کھلاڑیوں کو ڈوپنگ سے بچنے کے طریقے بتائے اورمیجر(ر) ماجد وسیم نے کھلاڑیوں کو اخلاقیات پر لیکچردیا۔ڈاکٹراسد عباس نے کھلاڑیوں کے ڈوپنگ کے متعلق سوالات کے جوابات دیئے۔
کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنیوالے اتھلیٹس کیلئے ڈوپنگ آگاہی سیمینار
Jun 12, 2022