پولیس میں کالی بھیڑوں کی کوئی جگہ نہیں:آئی جی 

Jun 12, 2022

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے لاہور پولیس سی آئی اے کاہنہ کے 5 اہلکاروں کے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا معاملے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے تمام اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس میں کالی بھیڑوں کی کوئی جگہ نہیں، کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ پنجاب پولیس میں محکمانہ احتساب کا عمل مزید سخت کیا جا رہا ہے اور کرپٹ عناصر کو پولیس فورس سے نکال باہر کرنا میری اولیں ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو متاثرہ شہری سے ملنے اور ملوث اہلکاروں کو ذاتی نگرانی میں کڑی سزا دلوانے کی یقین دہانی کرانے کا حکم بھی دیا۔لاہور پولیس سی آئی اے کاہنہ کے 5 اہلکاروں نے پرائیویٹ شخص کے ساتھ مل کر دبئی پلٹ شہری کو اغواء کیا اور دو لاکھ روپے لے کر چھوڑا تھا۔ لاہور پولیس نے انچارج سی آئی اے کاہنہ کی مدعیت میں ملزمان سی آئی اے اہلکاروںکے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث بشارت علی اے ایس آئی اور کانسٹیبل امین گرفتار جبکہ کانسٹیبل رزاق،اختر علی، ڈرائیور صفدر اور پرائیوٹ شخص مقصود کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔

مزیدخبریں