لاہور(خصوصی نامہ نگار)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی کے پرچے درج کروانے اور ہراساں کیے جانے پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ارکان پنجاب اسمبلی اور سٹاف کو بے جا ہراساں کر رہی ہے، جب اسمبلی سٹاف کو گرفتار کر لیا جائے گا تو بجٹ اجلاس کیسے ہوگا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، سابق وزرائ محمد بشارت راجہ، میاں محمود الرشید، چودھری ظہیرالدین، فاروق اعوان، حسنین بہادر دریشک، علی عباس شاہ اور سبطین خان نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد نے چودھری پرویزالٰہی کو حکومت کی جانب سے اپنے خلاف ہونے والی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جعلی حکمران معزز ارکان اسمبلی کے خلاف دہشت گردی کے پرچے کٹوا کر پارلیمانی روایات کو پامال کر رہے ہیں۔