لاہور (نیوز رپورٹر ) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)کی پنجاب کمیٹی کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا ، اجلاس میں پنجاب کے اخبارات کے واجبات کی ادائیگیوں اور میڈیا کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی۔ پنجاب حکومت کے نمائندہ کے طور پر اراکین صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خان اور حنا پرویز بٹ نے شرکت کی۔ سی پی این ای کے صدر کاظم خان، مرکزی سینئر نائب صدرایاز خان، نائب صدر پنجاب ارشاد احمد عارف،جوائنٹ سیکرٹری پنجاب ضیا تنولی ، سی پی این ای کے انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر زبیر محمود، سیکرٹری انفارمیشن راجہ منصور احمداور ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سجیلا نوید،سی پی این ای کے رکن جمیل اطہر قاضی، عرفان اطہر قاضی،ذوالفقار راحت، ہمایوں سلیم، محمد اویس رازی،ندیم بسرا، سید انتظار حسین زنجانی،عبدالرحمن چوہان،محمد طاہر میاں،بشیر احمد خان،سردار عابد علیم، احمد شفیق، تنویر شوکت، محمد ارشد روحانی، سید محسن زنجانی، ایم اسلم میاں، بلال اسلم، محمد عمران توفیق، وقاص طارق فاروق،دیوان جاوید سلیم اختر، توفیق الرحمن سیفی ، ایوب چوہان اور دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ صدر سی پی این ای کاظم خان نے کہا کہ میڈاس سمیت کئی اشتہاراتی ایجنسیاں قومی اور مقامی اخبارات کی بڑی نادہندہ ہیں، یہ ایجنسیاں مختلف حکومتوں سے بل وصول کرنے کے باوجود اخبارات کو ادائیگیاں کرنے سے قاصر رہی ہیں ہم ایسے معاملات کی فہرست مرتب کررہے ہیں، حکومت اِن اشتہاراتی ایجنسیوں سے واجبات کی ادائیگی کلیئر کرائے بصورت دیگر ہم سی پی این ای کی مدعیت میں ان کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ نائب صدر پنجاب ارشاد احمد عارف نے اپنی گفتگو کے دوران تجویز پیش کی کہ ڈی جی پی آر کے دفتر سے تمام میڈیا ہاؤسز کو مواد بھیجا جاتا ہے اِس لیے دور حاضر کے مطابق ڈی جی پی آر کو کمپیوٹرائز کیا جانا چاہیے تاکہ میڈیا ہاؤسز کو آسانی مل سکے۔ ایاز خان نے کہاکہ میڈیا نے شدید بحران کا دور گزارا ہے اور موجودہ حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ میڈیا کو جلد ازجلد ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ جوائنٹ سیکرٹری ضیا تنولی نے کہا کہ 15/85 جیسے شفاف اور سہل طریقہ کار کے باوجود ادائیگیوں میں تاخیر سے اخبارات شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔سیکرٹری انفارمیشن راجہ منصور احمداور ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سجیلا نویدنے کہا کہ میڈیا کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ میڈیا مسائل سے آزاد ہوکر اپنے فرائض انجام دے ۔ سینئر رکن جمیل اطہر قاضی نے سی پی این ای کو درپیش اہم مسائل پر توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ سی پی این ای کی کوششوں سے 15/85 کا عمل پی آئی ڈی سے شروع ہوا ،جو سی پی این ای کی زبردست کامیابی تھی۔پنجاب حکومت کے نمائندے اور رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپنے خطاب میں سی پی این ای کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سابقہ حکومت کے دور میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے انتہائی کٹھن وقت گزارا جس کا ہمیں مکمل ادراک ہے۔ انہوں نے سیکرٹری انفارمیشن راجہ منصور احمدکی خصوصی طور پرتعریف کرتے ہوئے کہا کہ راجہ منصور احمد نے انتہائی مشکل صورتحال میں بھی اپنی ذمہ داریاں انتہائی احسن طریقے سے نبھائی ہیں۔ رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ حکومت میڈیا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتی ہے اور اِس ضمن میں میں اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کراتی ہوں کیونکہ ہماری حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے ۔ جمیل اطہر قاضی کی جانب سے سی پی این ای پنجاب کے لیے دفتر کے قیام کی تجویز پیش کی گئی تو ملک محمد احمد خان نے اِس معاملے پر بھی جلد خوشخبری سنانے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں صدر کاظم خان نے ارشاد احمد عارف اور ضیا تنولی کو میٹنگ میں زیر بحث آنے والے معاملات کے فالواپ کے لیے کمیٹی کی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔