کراچی (نیوز رپورٹر) ملکہ الزبتھ دوم ملکہ برطانیہ کی تخت نشینی کے ستر برس مکمل ہونے پربرطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن کے تحت کراچی میں ملکہ کی سالگرہ اور پلاٹینم جوبلی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔96 سالہ ملکہ الزبتھ دوم کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھے۔ تقریب میں غیر ملکی معززین اور مشہور شخصیات نے شرکت کی اورملکہ برطانیہ کی 70 سالہ خدمات پرانہیں خراج تحسین پیش کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر اور ڈپٹی ہائی کمشنر مائیک نیتھوریناکیس تقریب کے میزبان تھے۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر سی ایم جی نے کہا کہ ملکہ کی 70 سالہ قیادت دیانت، محنت اور بے لوث خدمات کی آج پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، ہمیں ان کی سالگرہ، اس کی پلاٹینم جوبلی اور برطانیہ اور پاکستان کے گہرے تعلقات پر فخر ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات کو ہر سطح پر آگے بڑھانے کے لیے تمام کوششیں بروئے کارلائیں گے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ تجارتی، سیاحتی تعلیمی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت رینیوایبل انرجی اور شعبہ صحت کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اساتذہ کی تربیت اور شعبہ توانائی میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
مراد علی شاہ