کوئٹہ(بیورورپورٹ ) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی آرگنائزر سیکرٹری اور وزیراعلی بلوچستان کے پولیٹیکل سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو نے کہا کہ باپ پارٹی کی تنظیم سازی مکمل ہونے کے بعد اب 19جون کو کوئٹہ میں پارٹی انتخابات ہونگے اگرچہ اختلاف جمہوریت کا حسن ہے مگر بلوچستان عوامی پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں اور پارٹی وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں متحد اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں سردار خوشدل لونی، چوہدری شبیر اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی آرگنائزر سیکرٹری اور وزیراعلی بلوچستان کے پولیٹیکل سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے کونسلران کے اعزاز میں 13جون کو کوئٹہ میں تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس کے مہمان خصوصی صوبائی اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو ہونگے۔