سوہاوہ چکوال روڈ سے منسلک لنک روڈ پڑی درویزہ کی تعمیر نو آخری مراحل میں

Jun 12, 2022

سوہاوہ ( نامہ نگار) 54سال قبل 1967ء میں سابق مغربی پاکستان میں جاری تحریک فلاح دیہات پروگرام کے تحت اعلیٰ سیرت انسان سابق ایس ایس پی ( ستارہ ء قائد اعظم ) راجہ عنائت اللہ خان کی کاوشوں کے نتیجہ میں پہلی مرتبہ تعمیر ہوئی ۔بعد ازاں چار دفعہ مرمت ہونے کے باوجود سخت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی تھی بلکہ آثار قدیہ کا نقشہ پیش کر رہی تھی۔نصف صدی کے طویل وقفہ کے بعد 6مقامی سماجی کارکنان کی قائم کردہ سماجی تنظیم’’ تحریک ترقی پڑی درویزہ‘‘ کی کاوشوں اور ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 25راجہ یاور کمال کی ذاتی دلچسپی کے نتیجے میں نئے سرے سے تعمیر ہو گئی ۔ واضح رہے کہ چند روز قبل لنک روڈ پڑی درویزہ کی نئی تعمیر شدہ سڑک پر 12فٹ چوڑا اسفالٹ( کارپٹ) بچھا دیا گیا ہے ۔سڑک کے درمیان برساتی نالے پر 10فٹ اونچی24فٹ چوڑی’’ کاز وے‘‘ تعمیر کر دی گئی ہے ۔ اب سڑک کے حفاظتی پشتے ضرورت کے مطابق حفاظتی دیواریں اور سڑک کے اطراف کے شولڈرز یا کچھ سیمنٹ سلیک اور پلیاں وغیرہ تعمیر کرنا باقی ہیں ۔ یاد رہے کہ منصوبے کا آغاز جنوری 2022ء میں ایم پی اے کی طرف سے عطا کردہ 35.50ملین ( 3کروڑ 50روپے) کی خطیر گرانٹ سے ہوا تھا ۔ اس سارے عرصہ کے دوران مقامی آبادی کے تعاون اور سوشل ورکرز شاہد محمود مغل ، بزرگ کارکن ماسٹر محمد اکرم ،حاجی امیر زمان ، طالب حسین زر گر ، ملک محمد شفیق ، پروفیسر افتخار محمودکی نگرانی اور خدمات قابل تحسین رہیں ۔ 

مزیدخبریں