گھیا توری کی فصل کو معیاری زہر کاسپرے کیا جائے: محکمہ زراعت ترجمان

Jun 12, 2023

فیصل آباد(اے پی پی)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گھیا توری کی فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاشتکار گھیا توری کی فصل کوضرر رساں کیڑوں کے حملہ سے بچانے کیلئے پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اگر فصل پر کیڑے مکوڑوں کا حملہ مشاہدے میں آئے تو فوری طور پر ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے معیاری زہر کا سپرے بھی یقینی بنایا جائے تاکہ فصل کو معاشی حدتک پہنچنے والے نقصان سے بچایا جا سکے۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ پتوں کی لال بھونڈی پتوں، شگوفوں، پھول پر حملہ آور ہو کر اسے کھا جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضررر رساں کیڑوں اور بیماریوں سے متاثرہ پودے اکھاڑ کر فور ی طور پر تلف کر دینے چاہئیں تاکہ وہ دیگر صحت مند پودوں کو متاثر نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ لال بھونڈی اور دیگر نقصان دہ کیڑوں کے کیمیائی تدارک کیلئے ماہرین زاعت یامحکمہ زراعت کے مقامی فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے کیڑے مار اور پھپھوند کش ادویات کا سپرے کرکے مثبت نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں