اسلام آباد (این این آئی) خراب موسم کی وجہ سے امرتسر سے احمد آباد جانے والی انڈیگو ایئر لائنز کی ایک پرواز لاہور کے قریب راستے سے ہٹ کر پاکستانی حدود میں داخل ہوگئی۔ پرواز گزشتہ رات گوجرانوالہ میں داخل ہونے کے بعد تقریباً 8 بجے واپس بھارتی فضائی حدود میں چلی گئی۔ فلائٹ ریڈار کے مطابق 454 ناٹس کی زمینی رفتار کے ساتھ بھارتی طیارہ شام ساڑھے 7 بجے لاہور کے شمال میں داخل ہوا اور رات آٹھ بج کر ایک منٹ پر واپس بھارت پہنچا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں کیونکہ خراب موسمی حالات میں اس کی بین الاقوامی سطح پر اجازت ہوتی ہے۔