لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری شافع حسین نے یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موقع ملا تو پاکستان میں آرٹیفیشل ٹیکنالوجی کے کالجز بنائیں گے۔ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت میں لوٹ مار کی گئی۔ پوسٹنگ ٹرانسفر کے پیسے لئے گئے۔ پی ٹی آئی دور میں کرپشن کم نہیں بلکہ بڑھ گئی تھی۔ 9 مئی کو منصوبہ بندی کے تحت حملے کئے گئے۔ چودھری ظہور الٰہی کے بعد سیاست کو چودھری شجاعت حسین نے آگے بڑھایا۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ق) چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہماری بدقسمتی ہے 75 سال میں ہماری قوم کی لیڈرشپ کرپٹ رہی۔ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ایک لاکھ سے زائد نوجوان مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو گئے۔ چودھری شجاعت کی سربراہی میں پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے۔ میری زندگی کا مقصد لوگوں کی خوشیاں واپس لانا ہے۔ وکٹیں گرانے کا کہنے والوں کو آج 1 لاکھ یوتھ کی شمولیت سے جواب دے دیا۔ کوئی ملک بھیک اور قرضے لیکر ترقی نہیں کر سکتا۔ انتخابات سے پہلے قوم کے سامنے اپنی پارٹی کے منصوبے رکھیں گے۔ ملک میں میرٹ کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ سفارتخانوں میں بھی سفارشی لوگ لگائے گئے ہیں۔ فرسودہ اور کرپٹ نظام نوجوانوں کو آگے نہیں جانے دے رہا۔ پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری سرور نے کہا ہے کہ نئی سیاسی جماعت بنانا سب کا حق ہے۔ میری اطلاع کے مطابق نئی سیاسی جماعت لندن والوں کے کہنے پر بنی ہے۔ ہمارے سیاستدان سیاست کو تجارت بنا کر لوٹ رہے ہیں، لوگ بچوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم نہیں کر پا رہے مگر حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہو رہی ہیں، جبکہ چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ یوتھ کو سوشل میڈیا پر ایک سیاسی پارٹی کے پراپیگنڈہ کا حصہ نہیں بننا چاہیے، یوتھ کو ایک سیاسی پارٹی کے سربراہ نے فوجی تنصیبات پر توڑ پھوڑ کے لئے استعمال کیا۔