عوامی منصوبے جلد فعال کریں، خدمت کرنے والے افسروں کو سفارش کی ضرورت نہیں : محسن نقوی 

Jun 12, 2023

لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے آڈیٹوریم، سیمپل سنٹرز، لیبز، میٹنگ روم اور دیگر شعبوں میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے تعمیراتی سرگرمیوں کو اسی رفتار سے جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی اہمیت کے منصوبے جلد فعال کریں۔ وزیر اعلی نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کیلئے درکار ضروری آلات کی تنصیب کیلئے جلد اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ جولائی کے آخری ہفتے تک پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ محسن نقوی سے سندھ پولیس کے انڈر ٹریننگ ڈی ایس پیز کے وفد نے وزیر اعلی آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائل سے اچھا سلوک اچھے پولیس افسر کی پہچان ہے۔ روایتی تعلقات کی بجائے لوگو ں سے مضبوط تعلق استوار کریں۔ اچھے کاموں میں نام پیدا کریں جوآپ کی پہچان بنے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر افسران کو آ¶ٹ آف وے عوام کی مدد اور خدمت کرنی چاہیے۔ جو افسران عوام کی خدمت کرتے ہیں اور دل میں بستے ہیں انہیں سفارش کی ضرورت نہیں رہتی۔ نگران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں منعقدہ اجلاس میں دربار حضرت بی بی پاکدامن کی تعمیر و توسیع اور تزئین و آرائش کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے ہدایت کی کہ دربار حضرت بی بی پاکدامن کی تعمیرو توسیع و تزئین و آرائش کے پراجیکٹ کو محرم الحرام سے قبل مکمل کیا جائے۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، معروف آرکیٹیکٹ نیر علی دادا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ نگران وزیراعلیٰ نے حافط آباد میں اغوا کے بعد طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرہ لڑکی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ دریں اثناءپولیس نے مرکزی ملزم سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے اور دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزیدخبریں