پشاور+اسلام آباد (بیورو رپورٹ+خبر نگار خصوصی) خیبر پی کے کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجہ میں پاک فوج کے3 جوان شہید اور 3 دہشت گرد مارے گئے۔ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 9 اور 10 جون کی درمیانی شب فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوئے، مرنے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کر لیا گیاتاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع لکی مروت کے 40 سالہ رہائشی صوبیدار اصغر علی، ضلع لکی مروت کے 26 سالہ رہائشی سپاہی نسیم خان اور ایبٹ آباد کے 22 سالہ سپاہی محمد زمان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانی ہمارے عزم و جذبے کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔
3 جوان شہید
میران شاہ میں جھڑپ، 3 دہشتگرد ہلاک، 4 زخمی، صوبیدار، 2 سپاہی شہید
Jun 12, 2023