واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر جوبائیڈن نے پاکستانی نژاد دلاور سید کو امریکی سمال بزنس ایڈمنسٹریشن کا نیا سربراہ نامزد کیا تھا جس کی امریکی پارلیمنٹ سے منظوری بھی مل گئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی نژاد امریکی تاجر دلاور سید نے 8 جون 2023 کو یو ایس سمال بزنس ایڈمنسٹریشن (SBA) کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ امریکی صدر نے پاکستانی نژاد تاجر کو اس عہدے کے لیے دو روز قبل نامزد کیا تھا اور سینٹ میں اکثریت نے ان کی تقرری کی منظوری دیدی تھی۔ دلاور سید کی اس عہدے پر نامزدگی پر ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن نے شدید اعتراض اٹھایا تھا۔ تاہم سینٹ میں ان کی تقرری کے حق میں ریپبلکن کے 5 ارکان نے بھی ووٹ دیا تھا۔ پاکستانی نژاد دلاور سید اس وقت امریکی محکمہ خارجہ میں تجارتی اور کاروباری امور کے خصوصی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سابق صدر اوباما کے دور میں انہوں نے اہم ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔
جوبائیڈن نے پاکستانی نژاد تاجر کو سمال بزنس ایڈمنسٹریشن کا نیا سربراہ نامزد کر دیا
Jun 12, 2023