لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی طرف سے پولیس شہدا اور غازیوں کو اعزازات دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے تسلسل میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا کے ورثاءکو سونے کے میڈلز جبکہ غازیوں کو چاندی کے تمغوں سے نوازا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا،زخمی ہونے والے غازیوں کی عزت و تکریم ہم پر فرض ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں خصوصی شہدا اور غازی یادگاری وال بنائی گئی ہیں ، ان دیواروں پر شہداءاور غازیوں کے نام سنہری الفاظ میں درج ہیں، تمام شہداءکو گولڈ اور غازیوں کو سلور میڈلز سے نواز رہے ہیں۔ خطرناک کریمینلز کی سرکوبی کرنے والے نڈر پولیس جوانوں کو بہادری میڈلز دینے کا سلسلہ بھی جلد شروع کریں گے، 2017 سے قبل کے شہدا کے ورثا کو ذاتی رہائش فراہم کرنے کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ غازیوں کی بحالی، علاج معالجے اور جدید آلات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ، یہ غازی جلد صحت یاب ہوکر دوبارہ اسی عزم و ہمت و ولولے سے فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں گے۔ شہداءکے بچوں کی بہترین تعلیم ، ملازمتوں سمیت ویلفیئر کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ، شہداءکے بچوں، والدین اور اہل خانہ اور غازیوں نے عزت افزائی پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔