کراچی (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے یہ شہر اب آگے بڑھے گا اور حافظ نعیم الرحمان اس شہر کے میئر بنیں گے۔ تحفظ کراچی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک اور شہر کراچی میں سب کو انصاف اور روزگار ملے، ہم اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ ہم کراچی کے وسائل کراچی کے عوام پر خرچ کریں گے۔ 15 جون کا سورج ترقی و خوشحالی کی نوید لے کر نکلے گا، ہم کراچی کو بھی استنبول کی طرح عالم اسلام کا ترقیاتی شہر بنائیں گے۔ جماعت اسلامی کا میئر آئے گا تو بلاتفریق رنگ و نسل سب کو ساتھ لے کر چلے گا۔ عوام کے بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ دھاندلی کے ذریعے لوگوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، اب قوم بیدار ہو گئی ہے۔ آصف زرداری تسلیم کریں کہ آپ کی جماعت کو کراچی کے عوام نے مسترد کر دیا۔ آصف زرداری تسلیم کریں کہ عوام نے جماعت اسلامی کو شہر کا مینڈیٹ دیا ہے، طویل عرصے سے اس شہر کو تباہ کیا گیا اور لوٹ کھسوٹ کا بازار لگایا گیا۔ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں قانون کی بالادستی اور عدل و انصاف کا بول بالا ہو۔ مقابلہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ مقابلہ پیپلز پارٹی اور عوام کا ہے۔ آصف زرداری عوام اور جمہور کے فیصلے کو تسلیم کریں۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ سیٹیں جماعت اسلامی نے لیں لیکن شہر کے مینڈیٹ پر وڈیرے قبضہ کرنا چاہتے ہیں، کل سپریم کورٹ میں پٹیش دائر کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے کراچی میں 9 لاکھ ووٹ ہیں۔ پیپلز پارٹی کے کراچی میں 3 لاکھ ووٹ ہیں۔ کراچی کو استنبول طرز کا ترقی یافتہ شہر بنائیں گے۔ پاکستان میں وسائل نہیں لیڈر شپ کی کمی ہے۔ کراچی پاکستان کی ماں ہے‘ یہ خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا۔