نیروبی (این این آئی )کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ایک اجلاس کے دوران مبینہ طور پر بندر کو افریقیوں سے موازنہ کرنے پر رومانیہ نے اپنا سفیر واپس بلا لیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کینیا میں رومانیہ کے سفیر ڈراگوس ویورل ٹیگوا 26 اپریل کو نیروبی میں اقوام متحدہ کی عمارت میں کانفرنس روم میں موجود تھے کہ اس دوران کھڑکی سے ایک بندر نمودار ہوا۔کینیا میں جنوبی سوڈانی سفارت خانے کے ایک بیان کے مطابق بندر نمودار ہونے کے بعد رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ افریقی گروپ بھی ہمارے ساتھ شامل ہوگئے ہیں۔رومانیہ کی وزارت خارجہ نے کہا کہ انہیں اس واقعے کا علم رواں ہفتے ہوا تھا اور انہوں نے اپنے سفیر کو واپس بلانے کا عمل شروع کردیا ۔وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اپنے سیفر کے بیان پر ہمیں افسوس ہے، ہم ان تمام لوگوں سے معافی مانگتے ہیں جنہیں اس بیان سے ٹھیس پہنچی، نسل پرستانہ روئیے اور تبصرے ناقابل قبول ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ رومانیا کی وزارت خارجہ امید کرتی ہے کہ اس واقعے سے افریقی براعظم کے ممالک کے ساتھ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔کینیا کے اخبار ڈیلی نیشن کے مطابق اجلاس میں 21 وفود نے شرکت کی جن میں 8 نے ذاتی طور پر اور 13 نے آن لائن شرکت کی۔کینیا کے سفارت کار مچاریا کاما نے اس واقعے کو ناگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتہائی نامناسب عمل کو چھپانے کی انتہائی شرمناک کوشش کی گئی، 21ویں صدی میں ایسے بیانات ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے۔کچھ افریقی سفارت کاروں نےواقعے کے بعد معافی کا مطالبہ کیا ہے۔