روس سے درآمد کئے جانے والے خام تیل کی ٹیسٹنگ کا عمل 24 گھنٹوں میں مکمل ہوجائے گا جس سے پاکستان کو توانائی کی ضرورت پوری کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے میں مددملے گی۔وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق روس سے خام تیل موخر ادائیگی کی سہولت پر عالمی مارکیٹ سے کم قیمت پر خریداجا رہا ہے۔ملک کی بڑی ریفائنریز پاکستان ریفائنری لمیٹڈ، نیشنل ریفائنری لمیٹڈ اور پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ نے درآمد ی خام تیل کو ریفائن کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔خام تیل کی ریفائنگ کی رپورٹ وزارت پٹرولیم کو فراہم کی جا ئے گی. جس میں خام تیل کے معیار ،ترسیل کی لاگت، کمرشل طور پر اس کے قابل استعمال ہونے، پٹرول ، ڈیزل ، مٹی کے تیل ، فرنس آئل ، تارکول اور جے پی ایٹ کی مقدار معلوم کی جائے گی۔رپورٹ کی منظوری کے بعد حکومت سےحکومت تک کی سطح پر خام تیل کی درآمد کے لئے معاہدے کا امکان ہے۔ ایک لاکھ ٹن روسی خام تیل لے کر آزمائشی طور پر پہلا بحری جہاز 7 جون کو اومان کی بندر گاہ داقم پہنچا تھا جہاں سے 45ہزار ٹن سے زائد خام تیل ایک چھوٹے بحری جہاز کے ذریعے کراچی پہنچایا گیا ہے۔یہی بحری جہاز بقایا خام تیل اومان کی بندرگاہ سے 20 جون تک کراچی پورٹ پہنچائے گا۔پاکستان اپنی ضرورت کا 70 فیصد خام تیل درآمد کرتا ہے جو پاکستان ریفائنری لمیٹڈ ، نیشنل ریفائنری لمیٹڈ ، پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ اور بائیکو پٹرولیم ریفائن کرتی ہیں۔باقی 30 فیصد تیل کی ضروریات ملکی پیداوار سے پوری کی جاتی ہیں ۔
روسی خام تیل کی ٹیسٹنگ کا عمل 24 گھنٹوں میں مکمل ہو جائے گا:وزارت پٹرولیم
Jun 12, 2023 | 18:11