خراب موسم کے باعث بھارتی فضائی کمپنی ’انڈی گو‘ کی پرواز پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو گئی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ پروازمشرقی پنجاب کے شہر امرتسر سے ریاست گجرات کے شہر احمد آباد جا رہی تھی۔ شام پونے آٹھ بجے امرتسر سے اڑان بھرنے کے فوری بعدایئربس اے 320بھٹک کر اٹاری۔ واہگہ بارڈر سے پاکستانی حدود میں داخل ہو گئی ۔
رپورٹ کے مطابق یہ پرواز 30منٹ تک پاکستانی حدود میں بلا خوف و خطر سفر کرتی رہی اور پھر دوبارہ بھارتی حدود میں داخل ہو گئی۔بالآخر پونے 10بجے یہ پرواز بخیر و عافیت اپنی منزل پر پہنچ گئی۔بھارتی حکام کی طر ف سے بتایا گیا ہے کہ پرواز 6ای۔ 645کے پاکستان میں داخل ہونے کے بعد امرتسر ایئرٹریفک کنٹرول ٹیلی فون کے ذریعے پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں رہا۔ جہاز کا عملہ بھی ریڈیو ٹیلی فونی کے ذریعے مسلسل پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں رہا۔