حج کے مقاصد (۲)

حج کے ذریعے احکام شریعت کی تعمیل ہوتی ہے۔ تلبیہ ، سعی ، رمی ، وقوف عرفہ ، مزدلفہ اور منیٰ میں مخصوص اوقات کے لحاظ سے اور احرام کی پابندی کے ذریعے انسان اپنا سر تسلیم خم کرتا ہے اور قولی اور فعلی طور پر اس بات کا اعتراف کرتا ہے کہ وہ اللہ تعالی کا عاجز بندہ ہے اور احکام شریعت کے سامنے اس کی کوئی اوقات نہیں۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ نے حجر اسود کو بوسہ دیتے ہوئے ارشاد فرمایا : میں جانتا ہوں کہ تو ایک پتھر ہے جو نہ نفع دے سکتا ہے اور نہ ہی نقصان ، میں تجھے اس لیے بوسہ دے رہا ہو ں کہ تجھے حضور ﷺنے بوسہ دیا ہے۔(بخاری شریف)۔
 آپ کا یہ قول احکام شریعت کی پا بندی کی بہترین مثال ہے۔ حج انسان کی بخشش کا ذریعہ ہے۔ اللہ تعالی حاجی کے تما م گناہ بخش دیتا ہے شرط یہ ہے کہ بندہ حج کے دوران فسق و فجوراوراللہ تعالی کی نافرمانی سے بچے اور کسی کو کوئی تکلیف نہ پہنچائے۔ 
حج کے ذریعے سے مساوات انسانی کا درس ملتا ہے۔ حج کے موقع پردنیا بھر کے مسلمان چاہے وہ عربی ہوں یا عجمی ، امیر ہوں یاغریب ، حاکم ہو یا محکوم ، پیر ہو یا مرید ، استاد ہو یا شاگرد سب کے سب ایک ہی لباس ، ایک ہی حالت میں اور ایک ہی مقام پر جمع ہوتے ہیں اور ایک ہی آواز میں اللہ تعالی کو پکار رہے ہوتے ہیں۔ مساوات کی ایسی مثال دنیا کے کسی اور مذہب میں نہیں ملتی۔ 
حج اور اس کے علاوہ تمام اسلامی عبادات سے ہمیں نظم و ضبط کا درس ملتا ہے۔ نظم وضبط جیسے اوصاف مہذہب اور ترقی یافتہ قوموں کی پہچان ہوتے ہیں۔ حج کے موقع پر نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کو ملتا ہے اور اس سے ہمیں یہ پیغام ملتا ہے کہ اے مسلمانوں غفلت کی نیند سے جاگ جاﺅ اور جس حقیقی مقا م و مرتبہ کے تم حقدار ہو اسے پہچانواور اس کے حصول کے لیے کوشش کرو ورنہ تمہارا نام و نشان مٹ جائے گا اور دنیا تمہیں کچلتے ہوئے آگے نکل جائے گی۔ 
حج مسلمانو ں کاایک شاندار اجتماع ہے جس کے ذریعے دین اسلام کی شان و شوکت میں اضافہ ہوتا ہے اور مسلمانو ں کو آپس میں لڑانے کی جو کوشش کی جا رہی ہے دشمنان اسلام اجتماع حج کو دیکھ کر خوف زدہ ہو جاتے ہیں کہ یہ اتحاد یونہی قائم رہا تو اسلام کے خلاف کی جانے والی ساری سازشیں ناکام ہو جائیں گی اور دین حق اسی طرح روز پھلتا پھولتا رہے گا۔ اللہ تعالی ہم سب کو حج بیت اللہ کی سعادت زندگی میں بار بار نصیب فرمائے اور ہمیں اپنی زندگیاں احکام الٰہی کے مطابق بسر کرنے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین۔

ای پیپر دی نیشن