حارث رؤف ٹی 20 میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری مکمل کرنیوالے فاسٹ بائولر بن گئے 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے فاسٹ بائولر حارث رؤف نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرلی۔پاکستانی فاسٹ بائولر نے کینیڈا کیخلاف ورلڈکپ میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا۔وہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری مکمل کرنے والے فاسٹ بائولر بن گئے۔انہوں نے 71 میچز میں 100 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کیں۔ آئرلینڈ کے مارک اڈائیر نے 72 میچز میں 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا ہے۔مجموعی طور پر حارث رؤف 100 وکٹیں حاصل کرنیوالے تیسرے تیز ترین بائولر ہیں۔ حارث سے کم میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرنیوالے دیگر دونوں بائولرز سپنرز ہیں۔افغانستان کے راشد خان نے 54 اور سری لنکا کے ہسارنگا نے 63 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کیں۔حارث رؤف 100 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی ہیں۔ شاداب خان 107 وکٹوں کیساتھ سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل وکٹ لینے والے پاکستانی بائولر ہیں۔ فاسٹ بائولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کینیڈا کو ہرا دیا، کوشش کرینگے آئرلینڈ کو ہرائیں اور اگلے مرحلے تک جائیں۔ کوشش ہے غلطیوں کو ٹھیک کریں اور اچھی کرکٹ کھیلیں۔ انجری کے بعد اپنی پرفارمنس سے مطمئن ہوں۔ نیویارک میں بیٹرز کیلئے معاملات آسان نہیں، ٹیم کسی اور کے میچ کے بارے میں نہیں سوچ رہی، اگلے مرحلے میں نہیں پہنچے تو اس کو تسلیم کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن