لاہور ( کامرس رپورٹر )پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فائنل ٹیکس اور نارمل ٹیکس رجیم میں تبدیلی کی مجوزہ تجویز کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فائنل ٹیکس رجیم کو بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رکھا جائے اور1 فیصد انکم ٹیکس کوکم کر کے 0.5 فیصد اور بنگلہ دیش کی طرح برآمدی شعبے کو سپورٹ دینے کیلئے بیک ٹو بیک ایل سی ماڈل کو اپنانے پر غور کیا جائے۔ سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف کی زیر صدارت اجلاس میں سینئر مرکزی رہنما عبداللطیف ملک، میجر (ر) اختر نذیر خان ،کارپٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان ودیگر ممبران نے شرکت کی۔سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ایف بی آر افسروں کی مداخلت بڑھنے سے پریشانی بڑھے گی ،ان اقدامات سے کرپشن کے راستے کھلتے ہیں۔