قصور (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر قصور ارشد بھٹی کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رانا موسیٰ طاہر، اسسٹنٹ کمشنرز قصور عطیہ عنایت مدنی، ڈی او انڈسٹریز، تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس موجود تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر چونیاں طلحہ انور، کوٹ رادھاکشن شازیہ رحمان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی فرداً فرداً کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 14 ہزا ر 225 انسپیکشنز کی گئیں 1118 خلاف ورزیاں پائی گئیں جس پر 10 لاکھ 5 ہزار 500 روپے جرمانہ‘ 22 افراد کیخلاف مقدمات کا اندراج اور 240 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ گرانفروشوں کیخلاف سخت کاروائی کریں‘ذمہ داروں کو بھاری جرمانے کئے جائیں۔