شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر ملک طارق عزیز ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شیخوپورہ لاہور روڈ پر متعدد فیکٹریوں نے سڑک کے ساتھ سرکاری جگہ پر قبضے کر لیے ہیں اور وہاں آہنی جنگلے بھی لگائے گئے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ حادثات بھی رونما ہو رہے ہیں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخوپورہ لاہور روڈ پر دودھ پیک کرنے اور شیشہ بنانے والی متعدد فیکٹریوں نے سڑک کے ساتھ ساتھ سرکاری اراضی پر آہنی جنگلے لگارکھے ہیں اور اس کے ساتھ سڑک کے کناروں پر ان فیکٹریوں سے مال بردار ٹرک ٹرالے بھی سڑک پر رات دن کھڑے رہتے ہیں جس کی وجہ سے جوئیانوالہ موڑ کے قریب یوٹرن کے قریب اکثر ٹریفک جام رہنے کے ساتھ ساتھ خونی حادثات بھی رونما ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیکٹریوں نے سڑک پر قبضہ ختم نہیں کیا تو وہ اس سلسلہ میں لاہور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کریں گے۔