ننکانہ + موڑ کھنڈا + فیروزوالا + سوات (نامہ نگاران + نوائے وقت رپورٹ) ٹریفک حادثات میں ماں بیٹی سمیت 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ہیڈ بلوکی روڈ ڈھڈیاں سٹاپ کے قریب مخالف سمت سے آنے والے دو ٹریکٹروں کے درمیان ٹکر ہو گئی۔ جس کے نتیجہ میں دونوں ٹریکٹروں کے پرخچے اڑ گئے۔ جبکہ پیچھے سے آنے والے بدقسمت موٹر سائیکل سوار بھی ان سے ٹکرا گئے۔ جس سے ساٹھ سالہ محمد صدیق اور ستر سالہ ذوالفقار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ لاہور روڈ پر تیز رضا ٹریکٹر ٹرالی کا ٹائر پھٹ جانے سے بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار ادریس بی بی اور اس کی بیٹی قافیہ اقبال موقع پر جاں بحق ہو گئی۔ واضح رہے کہ اقبال کی بیٹی قافیہ اقبال موٹر سائیکل چلا رہی تھی اپنی والدہ کہ ہمراہ جا رہی تھی‘ جی ٹی روڈ پر ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار خاتون اور اس کا بھائی دم توڑ گئے جبکہ خاتون کی گود میں موجود ڈیڑہ سالہ بچے کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ نوجوان اپنی بہن کو اس کے بچے کے ہمراہ سسرال سے گھر لے کر جا رہا تھا۔ مٹہ سوات کے علاقے کالاکوٹ میں رکشہ کھائی میں جا گرا جس سے اس میں آگ لگ گئی اور 6 افراد جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔