گوجرانوالہ+ حافظ آباد (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) عدالت نے نو مئی کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کا مزید 9روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ دریں اثناء جے آئی ٹی نے صنم جاوید کو سخت سکیورٹی میں جوڈیشل مجسٹریٹ رانا شماس احمد کی عدالت میں پیش کیا۔ ایف آئی اے سائبر سیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے صنم جاوید کی آواز کے نمونے حاصل کئے، کارروائی مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے اپنے دستخط کئے، ریکارڈنگ اور وائس میچنگ پر مشتمل یو ایس بیز تفتیشی آفیسر کی درخواست پر مشتمل پارسل کو سر بمہر کروا کے پارسل پولیس انسپکٹر کے حوالے کر دیا۔ صنم جاوید نے کہا کہ کسی بھی عدالت میں پیشی سے پہلے انہیں مقدمہ کے بارے میں آگاہی دی جائے کہ انہیں کون سے مقدمہ میں کس عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے جبکہ عورت ہونے کے ناطے سورج غروب ہونے سے قبل روزانہ انہیں جیل منتقل کیا جانا قانون ہے جس پر جے آئی ٹی عمل درآمد نہیں کرتی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے صنم جاوید کے سوالات پر کہا کہ اگرچہ معاملہ اس عدالت کا ہے جس سے جسمانی ریمانڈ لیا گیا تاہم ملزمہ کو تفتیشی کے بعد سورج غروب ہوتے جیل بھجوانا قانونی امر ہے جس پر عمل درآمد ہوناضروری ہے، کارروائی کے بعد صنم جاوید عدالت سے باہر آئیں تو وکلا نے نعرے لگائے ،پولیس نے صنم جاوید کو جوڈیشل کمپلیکس سے نکال کر واپس بھجوا دیا۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے مقامی ایم پی اے ضمیرالحسن بھٹی نے لاہور ہائی کورٹ سے تین روز کی پروٹیکٹو ضمانت کے بعد گذشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج حافظ آباد شوکت جاوید کی عدالت سے 22جون تک عبوری ضمانت کروالی۔ ایم پی اے ضمیر الحسن بھٹی اور پی ٹی آئی کے مرکزی راہنما حماد اظہر سمیت45سے زائد ملزمان کے خلاف برج دارا میں کسان کنونشن کے دوران حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی کے الزام میں مقدمہ درج ہوا تھا۔