دھاندلی زدہ الیکشن قبول نہیں کرینگے، نتائج بھگتنے کو تیار ہیں: فضل الرحمان

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین سے رابطوں کی تردید کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دے دیا اور کہا ہے کہ وہ عید کے بعد لائحہ عمل دیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم ملک میں مثبت جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے اور پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں، ہم نے امن کا راستہ اختیار کیا اور اسی راستے پر چلتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قوتیں پاکستان کو معاشی طور پر اور سیاسی طور پر اپنے کنٹرول میں رکھنا چاہتی ہیں، ہم جدوجہد کر کے عالمی قوتوں کا مقابلہ کریں گے۔ فضل الرحمان نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہم سفروں نے دھاندلی زدہ الیکشن کے بعد اقتدار قبول کیا مگر ہم اسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور جدوجہد میں ہر قسم کے نتائج بھگتنے کیلئے بھی تیار ہیں، اگر جنگ ہے تو جنگ ہی سہی۔ جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے تکلیف ہوتی ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حکومتی رٹ ختم ہو چکی ہے، قبائلی علاقوں کے ذخائر پر قبضے کیے جا رہے ہیں، ہم فوج اور ملکی دفاع کو کمزور نہیں دیکھنا چاہتے اور انہیں طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں مگر وہ ہمیں اور پارلیمنٹ کو کمزور دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین روٹی کیلئے اپنی کھڑکیاں دروازے بیچ رہی ہیں۔ فضل الرحمان نے کہا کہ فلطسین میں چالیس ہزار سے زائد لوگ شہید ہو چکے،  عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں اسرائیل کے مظالم پر کیوں خاموش ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ سے اپیل کروں گا فلسطین کی مالی مدد کریں۔ جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ اسلامی ریاست ہے لیکن لوگوں کو لاپتہ کیا جا رہا ہے۔ ہم نے ماضی میں جبری گمشدگیوں کی روک تھام کے حوالے سے قانون سازی کی کوشش کی لیکن وہ روک دی گئی اور وہ رکوانے والا سیاست دان نہیں تھا۔ آج قبائلی علاقوں کے لوگوں پر ظلم کیا جا رہا ہے اور نوجوانوں کو جبری طور پر لاپتہ کیا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فضل الرحمان نے کہا کہ میرا اڈیالہ جیل والے سے کوئی رابطہ نہیں ہے، سوشل میڈیا پر اس حوالے سے جھوٹ بولا جا رہا ہے‘۔جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی و صوبائی ناظمین انتخابات کا اجلاس اسلام آباد میں مرکزی ناظم انتخابات مولانا عطاء الحق درویش کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے بھی خصوصی طور شرکت کی اور خطاب کیا۔ اجلاس میں مرکزی ناظم انتخابات مولانا عطاء الحق درویش نے کہا کہ ملک بھر میں رکن سازی کی مہم کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن