لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب میں ہر شہری کو صحت کی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے بڑے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ شہروں اور دیہات میں رہنے والے عوام کو بلاامتیاز صحت کی مساوی سہولیات کی فراہمی کے لئے وزیراعلی نے گرینڈ ہیلتھ پیکیج کا اعلان کر دیا۔ دور دراز علاقوں کے مراکز صحت اور ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے لئے سپیشل الاؤنس دینے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کی زیرصدارت صحت عامہ پر خصوصی پلان پر تین گھنٹے طویل جائزہ اجلاس میں پنجاب کے ہر ڈویژن میں صحت کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نوازنے مارچ 2025ء تک صوبے کے تمام بنیادی اور دیہی مراکز صحت میں عالمی معیار کے مطابق خدمات کی فراہمی کا ٹاسک دیا اورجون 2025ء تک پنجاب کے تمام بڑے ہسپتالوں کی تعمیر ومرمت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کی تعمیر جلد ازجلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔ بھکر میں قطری ہسپتال میں کینسر ہسپتال اور راجن پور میں بڑا ہسپتال قائم کرنے کی تجویز پربھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دوسرے مرحلے کو جلد مکمل کرکے فعال بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 46ارب کی لاگت سے پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کے پہلے مرحلے کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے نوازشریف کینسر ہسپتال کے پہلے مرحلے میں بستروں کی تعداد کو 100 سے بڑھا 150 کرنے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال میں کینسر کیئر کلینک، عالمی معیار کی سہولیات اور ڈاکٹرز کے علاوہ ان کی رہائش گاہیں بھی بنائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں بستروں کی تعداد 280 سے بڑھائی جاسکے گی۔ پنجاب میں پہلا بون میرو ٹرانسپلانٹ کا عالمی معیار کا خصوصی ہسپتال کے قیام کی تجویز پر بھی غورکیا گیا۔ پنجاب میں فری انسولین پروگرام کے آغاز، سملی ٹی بی ہسپتال کو جنرل ہسپتال میں تبدیل کرنے اور انجیو گرافی سروسز کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ہر ضلع میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت میڈیکل کالج قائم کرنے پر بھی غور کیا گیا، 50فیصد طلباء سرکاری میرٹ پر داخل ہوں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا بنیادی اور دیہی مراکز صحت میں ڈیجیٹل ریکارڈ کے لئے ای ایم آر سسٹم کی تنصیب مکمل کر لی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری ہیلتھ کوہسپتالوں میں دستیاب سہولتوں اور مریضوں کے رش کا تعین کرنے، صحت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اورخدمات کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کا جامع نظام قائم کرنے کی ہدایت کی۔ گورنمنٹ داتا دربار آئی ہسپتال کو اوقاف کے سپرد کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کا معیار مثالی ہونا چاہیے۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف سے رکن قومی اسمبلی مسلم لیگ (ن) ملک افضل کھوکھر نے ملاقات کی۔ لاہور ڈویلپمنٹ پلان اور سماجی بہبود سے متعلق اہم امور، ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل اور نئے منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز کہا کہ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے مقامی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ (ن) عوامی جماعت ہے اور جمہوری انداز میں عوامی مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔