اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عمیر نیازی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے دائر درخواست پر وزارت داخلہ ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی امیگریشن و پاسپورٹ کو26 جون کے لئے نوٹسز جاری کر دئیے ۔گزشتہ روز جسٹس محسن اختر کیانی نے عمیر نیازی کی درخواست پرسماعت کی تو عمیر نیازی کی جانب سے وکیل علی بخاری عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور کہا کہ عمیر نیازی باہر جانا چاہتے تھے لیکن ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے ، بیرون ملک سفر کرنے کے لئے نام ای سی ایل سے نکالا جائے ، عدالت نے کہا کہ ہم نوٹسز کر رہے ہیں ، عدالت نے وزارت داخلہ ، ڈی جی ایف ائی اے اور ڈی جی امیگریشن و پاسپورٹ کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 26 جون تک ملتوی کر دی ۔