راولپنڈی (انٹرویو ، اکمل شہزاد )وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے کہا ہے کہ باشعور معاشرے کے قیام کیلئے خواتین کی تعلیم ضروری ہے ، پڑھی لکھی ماں تعلیم یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے ہمارے معاشرے میں ابھی تک ایسا طبقہ موجود ہے جو بیٹیوں کی تعلیم کو غیر ضروری سمجھتا ہے ، والدین وویمن یونیورسٹی کے قیام سے بہت زیادہ مطمئن ہیں، طلباو طالبات کی ایک جگہ ایجوکیشن سے بچیوں کے والدین میں جو ہچکچاہٹ تھی وہ وویمن یونیورسٹی نے ختم کر دی ، ہمارے پاس معاشرے کے ہرطبقے کی بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور نئے داخل ہونے والی بچیوں کی لمبی قطار موجود ہے ، ہمارے پاس 80 فیصد اساتذہ پی ایچ ڈی ہیں بہت جلد پی ایچ ڈی پروگرام کا بھی آغا ز کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے نوائے وقت کو انٹرویو دیتے ہو کیا انہوں نے کہاکہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں طالبات کی تعلیمی، تحقیقی، نصابی اور غیر نصابی صلاحیتوں پر بھرپور توجہ دی جاتی ہے تاکہ وہ ہرشعبہ ہائے زندگی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں، خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے ویمن ڈیویلپمنٹ سینٹرقائم کیا گیا جبکہ سائیکلوجیکل ویل بینگ سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا جہاں طالبات کی ذہنی صحت کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ماہر نفسیات موجود ہیں، یونیورسٹی میں فیکلٹی آف سائنسز اور سوشل سائنسز کے پندرہ شعبہ جات باٹنی ، کمیسٹری ، فزکس، زوالوجی ، میتھمیٹکس ، اسٹیٹسٹکس ، کمپیوٹر سائنس ،انفارمیشن ٹیکنالوجی ، بزنس ایڈمنسٹریشن ، فائن آرٹس ، سائیکالوجی ، پولیٹیکل سائنس ، انگلش ، میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹیڈیز اور سوشیالوجی میں بی ایس کروایا جا رہا ہے ۔ جبکہ فیکیلٹی آف سائنسز اور سوشل سائنسز کے 10 شعبہ جات باٹنی، کیمسٹری، فزکس، زوالوجی، میتھمیٹکس، اسٹیٹسٹکس، مینجمنٹ سائنسز، سائیکالوجی، انگلش اور میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز میں ایم فل کروایا جا رہا ہے، یونیورسٹی کا فوکس طالبات میں تنقیدی سوچ کو بیدار کرنے پر ہے تاکہ پریکٹیکل لائف میں مختلف نقطہ نظر کو کھلے دل و دماغ کے ساتھ قبول کر سکیں۔ ان میں تنقید کرنے اور تنقید موصول کرنے کا حوصلہ ہو۔راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں پنجاب سمیت بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا سے طالبات زیر تعلیم ہیں۔
باشعور معاشرے کے قیام کیلئے خواتین کی تعلیم ضروری ہے ، ڈاکٹر انیلہ کمال
Jun 12, 2024