لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں پھر سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ نئی ہیٹ ویو کے دوران لاہور میں درجہ حرارت ایک بار پھر 45 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، عید کے روز بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ پنجاب کے جنوبی اضلاع میں گرمی کی شدت زیادہ ہو گی۔
ادھر لاہور میں سورج کا پارہ چڑھنے لگا جس سے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 31 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق رواں دنوں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ شہر میں بادل برسنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم شدیدگرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق رات کے اوقات دیر، سوات، کوہستان، چترال اور بالاکوٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقا مات پر بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، مری،گلیات اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک ، دوپہر کے اوقات مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ بعد از دوپہر جنو بی اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ شام میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔