لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ زرداریوں اور گیلانیوں کی حکومت میں ملک مسائلستان بنا رہے گا۔ بے روزگاری، بدامنی اور لاقانونیت بڑھتی رہے گی۔ لوگ انقلاب کی تیاری کریں۔ جب تک جاگیردار، سرمایہ دار اور وڈیرے اقتدار پر قابض رہیں گے، غریب کی غربت میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور مارشل لاءوالوں نے ملک لوٹ کر اپنے لئے مال بنایا، امریکہ کی چاکری کی اور بھارت کی بالادستی قبول کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرگڑھ کے سپورٹس گرا¶نڈ میں دھرنا انقلاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منور حسن نے کہا کہ جو حکمران وعدوں اور دعو¶ں کے برعکس عوام کی کھال اتارنے پر تلے ہوئے ہوں ان کا انجام حسنی مبارک و کرنل قذافی جیسا ہوتا ہے۔ نواز شریف نے حکومت مخالف جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے بجائے اکیلے ہی ”گوزرداری گو“ کا نعرہ لگایا کیونکہ وہ زرداری کو ہٹانا نہیں بلکہ عوام کو گمراہ کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے آمنہ مسعود جنجوعہ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے اس بار جعلی اور دھونس دھاندلی کے انتخابات کا ڈرامہ کیا تو عوام بپھر جائیں گے اور ایسا انقلاب برپا ہو گا جو حکمرانوں کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا۔ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ، اے این پی، وردی والے اور بغیر وردی والے افراد عوام کی قسمت نہیں بدل سکتے۔ ان کی موجودگی میں پاکستان کی بقا شدید خطرے میں ہے۔ سب سے بڑا مسئلہ امریکی مداخلت ہے۔ بلوچستان کا مسئلہ سرفہرست آ گیا ہے۔ بلوچوں کو بند گلی میں دھکیل دیا گیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں آگ لگی ہوئی ہے۔ چاروں طرف پراسرار خاموشی ہے۔