اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) بحریہ ٹا¶ن کراچی سے ساڑھے 3 کلومیٹر دور سمندر میں ”آئی لینڈ سٹی“ نامی شہر بسائے گی۔ اس حوالے سے بحریہ ٹاون کے سی ای او علی ریاض ملک اور امریکی تعمیرات کی سرکردہ شخصیت تھامس کریمر نے گذشتہ روز یہاں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ اس موقع پر بحریہ ٹا¶ن کے سابق سربراہ ملک ریاض حسین بھی موجود تھے۔ 20 ارب ڈالر لاگت کے اس منصوبے کے تحت 5 سے 10 برس کے دوران 12 ہزار ایکڑ رقبہ پر بودھا آئی لینڈ سٹی بسایا جائیگا اور 2016ءتک یہاں لوگوں کو رہائش گاہ فراہم کر دی جائیں گی۔ اس شہر کو ڈی ایچ اے کراچی کے ساتھ 6 رویہ پل کے ذریعے ملایا جائیگا۔ اس کے علاوہ اس شہر کی نمایاں خصوصیت اس کا ہائی سکیورٹی زون ہونا ہے۔ اس کا اپنا پاور جنریشن پلانٹ اور سمندری پانی کو پینے کے قابل بنانے کا پلانٹ ہو گا۔دونوں یہاں کے مکینوں کی بجلی اور پانی کی 100 فیصد ضروریات پوری کریں گے۔ بحریہ ٹا¶ن ترجمان کے مطابق منصوبے کے تحت آئی لینڈ میں مساجد، سینما، گالف کلب، سکول، ہسپتال، دنیا کی سب سے بلند عمارت، سب سے بڑا شاپنگ مال، سپورٹس سٹی، ایجوکیشنل اینڈ میڈیکل سٹی، میڈیا سٹی اور عالمی معیار کا انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائیگا۔ منصوبے کی تعمیر سے 25 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا اور ایک لاکھ 25 ہزار گھر تعمیر کئے جائیں گے جہاں 10 لاکھ افراد رہائش پذیر ہونگے۔ اس موقع پر ملک ریاض حسین نے کہا کہ امریکہ، ملائیشیا، جاپان، ترکی اور جرمنی جیسے ترقی یافتہ ممالک کو تعمیراتی انڈسٹری نے ہی استحکام دیا ہے اور ہمارا ویژن پاکستان کا شمار انہیں ملکوں میں کرانا ہے۔ یورپ اور مشرق وسطیٰ کے سرمایہ کاروں کے ساتھ 3 معاہدوں پر دستخط ہو رہے ہیں۔ میں پاکستانی قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ ملک میں 50 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ تھامس کریمر ایک پُرعزم سرمایہ کار ہیں جنہیں دنیا میں ”ٹی کے“ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے بحری قزاقوں اور جرائم پیشہ افراد کی پناہ گاہ کیوبا کو فضائی جائزہ لیکر ڈویلپ کیا۔